ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور:زراعتی مقصد کے لئے گائے لے جانے والے پر بجرنگیوں کا حملہ

کنداپور:زراعتی مقصد کے لئے گائے لے جانے والے پر بجرنگیوں کا حملہ

Tue, 06 Jun 2017 11:51:19    S.O. News Service

کنداپور ،6؍جون (ایس او نیوز)دستاویزات اور قانونی کاغذات کے بغیر یاقصائی خانوں کے لئے بڑے جانورلے جانے والوں پر قاتلانہ حملے ، لوٹ مار اور آتشزنی وغیرہ تو بجرنگیوں کا معمول بن گیا ہے۔ لیکن اب کھیتی باڑی کے کام کے لئے اور تمام دستاویزات کے ساتھ بھی گائے اور دیگر بڑے جانوروں کو لے جانا ، چاہے ہندو ہو یا مسلمان ،بڑے جان جوکھم کا کام بن گیا ہے۔

تازہ ترین واقعے کی رپورٹ کنداپور تعلقہ کے گولواڈی سے موصول ہوئی ہے۔جس میں ایک کسان زراعتی مقصد سے کے لئے خریدی گئی گائے ضروری قانونی کاغذات کے ساتھ اپنے گاؤں لے جارہا تھا۔مبینہ طور پر بجرنگ دل کے کارکنوں نے اس کا راستہ روکا اور اس پرلوہے کی سلاخ سے حملہ کرتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکی ہے۔حملے کا شکار ہونے والے شخص کا نام شیموگہ کا رہنے والا نیل کنٹا(۴۵سال) بتایا جاتا ہے جسے علاج کے لئے کنداپور کے سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔

کہتے ہیں کہ نیل کنٹا نے کوٹا میں سریندرا نامی شخص سے جو گائے خریدی تھی اس کے ساتھ جانوروں کے ڈاکٹر کی سرٹی فکیٹ، کوٹا پنچایت کی طرف سے اجازت نامہ وغیرہ موجود ہونے کے باوجود حملہ آوروں نے نیل کنٹا کی ایک نہیں سنی اور اس کی پیٹائی کردی۔ دلت تنظیموں کے وفاق کے اڈپی ضلع صدراودئے کمار تلّور اور دیگر لیڈروں نے اسپتال پہنچ کر زخمی نیل کنٹا کی عیادت کی۔انہوں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ملزموں کو غنڈہ ایکٹ کے تحت گرفتار کیا جائے۔اس کے علاوہ اودئے کمار تلّور نے الزم لگایا کہ پولیس ڈپارٹمنٹ میں موجود ایک اہلکار ہی بجرنگ دل کے کارکنوں کو جانورلے جانے والی گاڑیوں سے متعلق اطلاعات پہنچاتے ہوئے اس طرح کے حملے کا موقع فراہم کرتا ہے۔اس لئے فرقہ وارانہ فسادات پر اکسانے والے ایسے پولیس اہلکار کے خلاف بھی مناسب تادیبی کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ 12جون کو مجوزہ 'موواڈی چلو'ریالی کے دوران بھی اس معاملے کو اٹھایا جائے گا۔

اس معاملے میں تیکٹّے بجرنگ دل کے لیڈر سری عرف شریناتھ شیٹی کے علاوہ دیگر تین افراد کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کردی ہے۔


Share: